سندھ حکومت کا جامعات میں موسمیاتی تبدیلیوں پر الگ مضمون متعارف کروانے کا فیصلہ

پاکستان سمیت دنیا بھر میں موسمیاتی تبدیلیوں سے متعلق آگاہی کیلئے سندھ حکومت نے بڑا فیصلہ کرلیا۔ تمام سرکاری اور نجی جامعات میں موسمیاتی تبدیلیوں پر الگ مضمون متعارف کروایا جائے گا۔

میڈیا رپورٹس کے مطابق سندھ کے وزیر جامعات و ماحولیات اسماعیل راہو نے سیکریٹری جامعات اور تمام وائس چانسلرز (وی سی) کو موسمیاتی تبدیلی کے الگ مضمون پر کام شروع کرنے کی ہدایت کردی ہے۔

اسماعیل راہو نے تمام وی سیز کو کہا ہے کہ موسمیاتی تبدیلیوں پر آگاہی سے متعلق الگ مضمون متعارف کروائیں، ماحولیاتی تبدیلی کے اثرات کی وجہ سے سندھ زیادہ درجہ حرارت اور خشک سالی کا شکار ہونے لگا ہے، موسمیاتی تبدیلیوں کے منفی اثرات سے بچنے کے لئے جامعات میں طلبہ کو بنیادی معلومات فراہم کرنے کی اشد ضرورت ہے۔

اسماعیل راہو نے کہا کہ جامعات میں موسمیاتی تبدیلی سے متعلق مضمون پڑھانے سے انسانی صحت کے معیار کو بہتر کرنے میں مدد ملے گی، موسمیاتی تبدیلی کی تعلیم کی بدولت طلبہ و طالبات کو روزگار کے زیادہ موقع میسر ہونگے۔

مضمون کی تعلیم سے سمندری آلودگی، صنعتی ویسٹ منیجمنٹ اور اسپتالوں کے ویسٹ ڈسچارج کے مسائل حل کرنے میں مدد ملے گی۔ پاکستان دنیا میں سب سے زیادہ متاثر ہونے والے ممالک میں سے ایک ہے، اس وقت اگر موسمیاتی تبدیلی پر آگاہی نہ دی گئی تو آئندہ نسل کو مزید پریشانی کا سامنا ہو گا۔

عالمی برادری بھی اس وقت موسمیاتی تبدیلی کو زمین اور اس کے مکینوں کے لیے سب سے بڑا خطرہ قرار دے چکی ہے، موسمیاتی تبدیلی اور اس سے پیدا ہونے والی ماحولیاتی آفات پاکستان کے لیے مستقل خطرہ رہینگے، موسمیاتی تبدیلی پاکستان میں غذائی پیداوار کے لیے براہ راست خطرہ بھی ہے۔

0 replies

Leave a Reply

Want to join the discussion?
Feel free to contribute!

Leave a Reply